بھٹکل ( ایس او نیوز ) 22، ڈسمبر : نصاب تعلیم بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے ،نصاب تعلیم کے ساتھ نظام تعلیم اور نظام تربیت پر بھی توجہ دینا ضروری ہے ،ملک کے بدلتے ہوئے حالات میں ملت کی نئی نسل کے ایمان کے تحفظ اور اس کی بقاء کی فکر کے ساتھ بھٹکل کے علی پبلک اسکول کیمپس میں ایک روزہ کل ہند تعلیمی سیمنار میں مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی نے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ مولانا نے اپنے کلید ی خطاب میں مغربی ممالک کے نصاب تعلیم پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یورپ کےنظام تعلیم نے انسان کو مذہب کا دشمن بنا دیا ہے ، انہوں نے کہا کہ نصاب تعلیم میں پائی جانے والی بے راہ روی موجودہ دور کے بگاڑ کا سب سے بڑا سبب ہے۔ اس سیمنار میں موجودہ نصاب تعلیم کے ذریعہ نئی نسل کے ذہنوں میں دین اسلام سے متعلق شکوک و شبھات پیدا کئے جانے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ۔عمائد ین ملت نے نصاب تعلیم کے ذریعہ قوم کے نو نہالوں کے ذہنوں کو اسلام اور دین سے بر گشتہ کر نےکی کوششوں پر تشویس کا اظہار کیا ۔سیمنار میں مقررین نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ نئی نسل کے ذہنوں میں اسلام سے متعلق شکوک و شبھات کا جنم لینا سب سے خطرناک مسئلہ ہے ۔ مقررین نے موجودہ نظام تعلیم پر سخت تنقید کرتے ہوئے واضح کیا کہ اس سے صرف اخلاق ہی نہیں بلکہ ایمان بھی خطرے میں پڑ رہا ہے ۔ ملک بھر سے آئے ہوئے مندوبین نے وقت کی اہم ضرورت پر بحث کر نے کے لئے خوشی کا اظہار کیا ۔ بھٹکل کے علی پبلک اسکول کے کیمپس میں منعقد اس سیمنار میں ملک کی مختلف ریاستوں سے اسکولوں ، مدارس اور یونیورسٹیوں سے تشریف لائے ہوئے ڈھائی سو سے زائد نمائندگان موجود تھے ، سیمنار میں مولانا عبد الباری ندوی مرحوم پر دستاویز ی کتاب ارمغان حجاز اور دوسری ایک اہم کتاب مجالس نبوی کا اجرا ء بھی عمل میں آیا ۔ پروگرام میں بھٹکل اے پی ایس کے طلبا نے ترانے اور نعت کے ذریعہ سامعین کو محظوظ کیا ۔ اجلاس میں ملک بھر سے تشریف لائے ہوئے مندوبین سمیت اہم ملی جماعتوں کے قائدین میں موجود تھے جن میں آل انڈیا مسلم پرسنل لاءبورڈ کے صدر مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی سمیت آل انڈیا مسلم پرسنل لاءبورڈ کے جنرل سکریٹری مولانا ولی رحمانی اور ، نائب امیر جماعت اسلامی ہند جناب سسید سعادت اللہ حسینی ، معتمد تعلیمات دار العلوم ندوہ العلماء لکھنو مولانا سید واضح رشید حسنی ندوی ، استاذ حدیث ندوہ العلماء مولانا محمد خالد غازی پور ی ندوی مولانا سید بلال عبد الحئی حسن ندوی ، سمیت میں ملک بھر سے تشریف لائے ہوئے علمائے کرام اور مندوبین بڑی تعداد میں موجود تھے ۔